کنداپور 19؍اکتوبر (ایس او نیوز) نوراتری کے سلسلے میں مندروں کو خوبصورت لائٹنگ سے ہر جگہ سجایا گیا ہے ، لیکن کنداپور میں یہ سجاوٹ ایک طالب علم کی جان لینے کا سبب بن گئی ۔
اطلاع کے مطابق اوپن کودرو نامی گاؤں میں مندر کی سجاوٹ کے لئے لگی ہوئی لائٹ سے جڑا ہوا بجلی کاتار اچانک چھو جانے سے گنگا دھر اچار کا بیٹا دھنش (۱۶) نامی طالب علم ہلاک ہوگیا۔ یہ لڑکا دسویں جماعت میں زیرتعلیم تھا۔گھر کے قریب ہی واقع شری لتا درگا پرمیشوری مندر کمپاؤنڈ کی دیواروں سے بجلی کاکیبل لگا کر رنگین لائٹنگ سے سجایا گیا تھا۔ اور حادثاتی طور پر دھنش بجلی کیبل کے ننگے حصے سے ٹکرا گیا جس سے اس کو بجلی کاجھٹکا لگااور وہ بے ہوش ہوگیا۔ فوری طورپر علاج کے لئے اس کو کنداپور کے ایک اسپتال میں لے جایا گیا لیکن وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کی موت واقع ہونے کی تصدیق کردی۔اس سلسلے میں کنداپور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔